انڈر19 ایشیا کپ : پاکستان انڈر 19 کل سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات انڈر 19 کے مدمقابل ہو گی

دبئی (سی این پی )اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی شاندار کارکردگی کا سفر اسے سیمی فائنل میں لے آیا ہے جہاں کل وہ متحدہ عرب امارات انڈر 19 کے خلاف مدمقابل ہوگی۔

یہ سیمی فائنل آئی سی سی اکیڈمی اوول 1 گراؤنڈ میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔

ایک ایسے ٹورنامنٹ میں جہاں ٹیموں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے ہیں پاکستان کے نوجوان کرکٹرز نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان ٹیم نے نیپال، انڈیا اور افغانستان کو شکست دی ہے۔

نیپال کے خلاف سات وکٹوں کی جیت میں محمد ذیشان کی چھ وکٹوں اور کپتان سعد بیگ اور اذان اویس کی نصف سنچریوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔

انڈیا کے خلاف آٹھ وکٹوں کی جیت میں اذان اویس کی شاندار سنچری کپتان سعد بیگ اور شاہ زیب کی نصف سنچریاں قابل ذکر رہی تھیں جبکہ افغانستان کے خلاف 83 رنز کی کامیابی میں شامل حسین کے 75 رنز نمایاں تھے۔

سیمی فائنل میں دلچسپ اور سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات انڈر 19 نے بھی اپنے گروپ میں عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے سری لنکا اور جاپان کو ہراکر بنگلہ دیش کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ کا کہنا ہے کہ ہم نے تینوں میچوں میں بہت اچھی پرفارمنس دی ہے تاہم یہ ہماری منزل نہیں ہے ہماری منزل فائنل جیتنا ہے ہم ہر لمحہ بہترین پرفارمنس کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کرتے آئے ہیں ہم نے ہر میچ کے بعد اپنی غلطیوں کو درست کیا ہے اور آنے والے میچوں کے لیے خود کو تیار کیا ہے۔

پاکستان انڈر19 نے آخری مرتبہ متحدہ عرب امارات انڈر19 کو 2021 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں 21 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں کپتان قاسم اکرم نے میچ وننگ پرفارمنس دیتے ہوئے 50 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ تین وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں