پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے کیوی ٹیم کا اعلان

ویلنگٹن (سی این پی )نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا، کیوی ٹیم نے 15 رکنی کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔کیوی ٹیم میں میٹ ہینری اور لوکی فرگوسن کی واپسی ہوئی ہے، کپتان کین ولیمسن اور لوکی فرگوسن تمام پانچ میچز نہیں کھیلیں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کپتان کین ولیمسن پانچ میچز کی سیریز کا تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے، ان کی جگہ میچ میں جوش کلارکسن شریک ہوں گے۔کین ولیمسن کی عدم موجودگی میں مچل سینٹنر تیسرے میچ میں کپتان ہوں گے، اسی طرح لوکی فرگوسن کی جگہ ابتدائی دو میچز میں بین سیئرز حصہ لیں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹرینٹ بولٹ اور جمی نیشم لیگز میں مصروفیات کی وجہ سے سیریز نہیں کھیلیں گے جبکہ کائل جیمیسن اور مائیکل بریسویل مکمل فٹ نہیں۔نیوزی لینڈ کے 15 کھلاڑیوں میں کین ولیمسن، فن ایلن، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری، ایڈم ملنے، ڈیون کانوے اور ڈیرل مچل شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف سیریز میں گلین فلپس، مچل سینٹنر، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، اش سودھی اور ٹم ساوتھی بھی کیوی ٹیم کا حصہ ہیں۔کیوی بورڈ کے مطابق پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں رچن روندرا کو آرام دیا گیا ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوینٹی میچز 12، 14، 17، 19 اور 21 جنوری کو ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں