گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ کی ملاقات، عوامی فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال

لاہور(سی این پی )گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی جس میں صوبے کے حوالے سے بہت سے معاملات زیرِ بحث آئے۔گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اپ گریڈیشن پر مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی مختصر عرصے میں کاوشیں بالخصوص صحت کے شعبے میں اقدامات مثالی ہیں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو سرکاری جامعات میں پچھلی حکومت کے تقریبا 4 سالہ دور حکومت کے دوران عدم توجہی کے باعث پیش آنے والے مالی اور انتظامی معاملات میں زبوں حالی سے بھی آگاہ کیا۔اس کے علاوہ ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، پولیس اسٹیشنز، فیسیلیٹیشن سینٹرز، چڑیا گھروں اور عوامی تفریحی مقامات میں بہتری سمیت صوبائی مالیاتی معاملات میں بہتری پر بھی گفتگو ہوئی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔لاہور میں سموگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ غیرمعمولی ہے، اس کیلئے غیرمعمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔جس پر نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سموگ کے مسئلے کے حل کیلئے کام کر رہے ہیں، ایک مصنوعی بارش کا تجربہ کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرا تجربہ اسی ماہ کیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سموگ کے مسئلے کے حل کیلئے دھواں دیتی گاڑیوں کو روکنے سمیت دوسرے اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے جس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں