کوئٹہ (سی این پی )الیکشن ٹریبونل نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل کو این اے 264 سے الیکشن لڑنےکی اجازت دے دی۔کوئٹہ  میں بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد ہاشم کاکڑ  پر مشتمل  ٹریبونل نے بی این پی کےسربراہ  سردار اختر مینگل کےکاغذات نامزدگی اقامہ کی بنیاد پر مستردکیے جانے کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔سماعت کے موقع  پر سردار اختر مینگل کے وکلا ساجد ترین اور جواد احمدٹریبونل میں پیش ہوئے۔

ان کا مؤقف تھا کہ سردار اختر مینگل نے اقامہ سفری مقاصد کے لیے حاصل کیا تھا، انہوں نے اقامے سےکوئی مالی فائدہ حاصل نہیں کیا، ٹریبونل نے اس موقع پر استفسار کیا کہ کیا سردار  اختر مینگل کے اقامے سے ملازمت کرنےکے ثبوت ہیں؟ جس  پر ان کے وکلا کا کہنا تھا کہ  سردار اختر مینگل کے اقامےکے ذریعے تنخواہ یا مالی فائدےکا کوئی ثبوت نہیں۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ سردار اختر مینگل نے اپنےکاغذات نامزدگی میں اقامےکا ذکر  نہیں کیا تھا جو بدنیتی کے زمرے  میں آتا ہے۔بی این پی سربراہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ دوسرے سیاسی رہنماؤں نے بھی اقامے حاصل کیے مگر  انہیں الیکشن کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے، دلائل کے بعد ٹریبونل نے سردار  اختر مینگل کو  الیکشن میں حصہ لینےکی اجازت  دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں