پی ٹی آئی امیدواروں کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان

اسلام آباد (سی این پی )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے خلاف سپریم کورٹ میں ہی نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ تکنیکی بنیادوں پر کیا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی نہیں، فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی امیدوار آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے، ہم انتخابی مہم چلائیں گے کہ یہ ہمارے امیدوار ہیں اور یہ ان کے نشان ہیں۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ’سپریم کورٹ کے متنازع فیصلوں میں آج ایک نئے فیصلے کا اضافہ ہوا ہے، اب پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔‘

ان کاکہنا تھا کہ ’اس فیصلے سے ہماری مخصوص نشستیں چلی گئی ہیں، ہمارے امیدواروں کے انتخابی نشانات بھی مختلف ہوں گے۔‘ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے پاس انتخابی نشان ’بلا‘ رہے یا نہ رہے عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آواز پر ووٹ دیں گے، ہم اپنے امیدواروں کی نئی فہرستیں تیار کریں گے اور ان کی انتخابی مہم چلائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں