حقیقی زندگی میں بھی بہت جذباتی ہوں، سجل علی

کراچی(سی این پی )اداکارہ سجل علی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے کرداروں کی طرح حقیقی زندگی میں بھی بہت جذباتی ہیں اور ان کے اندر ہر طرح کے جذبات کُوٹ کُوٹ کر بھرے ہوئے ہیں۔سجل علی نے حال ہی میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے شو میں شرکت کی، جس کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

پروگرام کی میزبان نے ان سے پوچھا کہ ان سے متعلق لوگ کہتے ہیں کہ سجل علی آنکھوں سے بھی اداکاری کرتی ہیں، کیا وہ حقیقی زندگی میں بھی اتنی ہی جذباتی ہیں؟

جس پر اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کے خیال میں وہ حقیقی زندگی میں بھی اتنی ہی جذباتی ہیں، جتنی کہ وہ اداکاری کے وقت نظر آتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ دیکھنے والوں کو لگتا ہے کہ اب سجل علی بدل گئی ہے، وہ مضبوط ہوگئی ہے لیکن درحقیقت وہ اب بھی جذباتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے جذبات کو کبھی ختم نہیں کر سکتیں اور اگر ایسا کیا تو پھر وہ اداکاری نہیں کر سکیں گی۔سجل علی نے کہا کہ ان میں ہر طرح کے جذبات کُوٹ کُوٹ کر بھرے ہوئے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کا سینس آف ہیومر یعنی حس مزاح بھی شاندار ہے، جو لوگ ان کے قریب ہیں، انہیں ان کی شخصیت اور حس مزاح کا بخوبی علم ہے۔سجل علی نے کہا کہ عام لوگوں کا اس بات کا علم نہیں کہ ان کا حس مزاح بھی اچھا ہے اور یہ کہ لوگوں کو ان سے متعلق اور بھی بہت ساری باتوں کا علم نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں