انتخابی عمل کا حصہ بنانے پر پاکستان کو سراہتے ہیں، امریکا

واشنگٹن(سی این پی ) امریکا نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں ہونے والے الیکشن کے دوران انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات پر فکر مند ہیں اور اس دوران غیر ضروری پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان کے عام انتخابات کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جمہوری اور انتخابی اداروں نے محفوظ انتخابی عمل کو مکمل کیا، پولنگ ورکرز، سول سوسائٹی، صحافیوں اور انتخابی مبصرین کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے پر پاکستان کو سراہتے ہیں، ہم نے بین الاقوامی اور مقامی انتخابی مبصرین کے تجزیے کا جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم انتخابات کے دوران غیر ضروری پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں اور انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات پر فکر مند ہیں، ان کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے، اب ہم بروقت اور مکمل نتائج کے منتظر ہیں جو پاکستانی عوام کی مرضی کی عکاسی کرتے ہیں۔

میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان میں آنے والی حکومت کیساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانا ضروری ہے چاہے کوئی سیاسی جماعت پاکستان میں حکومت بنائے، ہم اپنے سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے، تحفظ اور سلامتی کا ماحول بنانے کیلئے بھی پرعزم ہیں ایسا محفوظ ماحول بنایا جائے جو پاکستانی عوام کو امن، جمہوریت اور ترقی فراہم کرے جس کے وہ حقدار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں