اقتدار کے لیے انتہا پسند گروپوں کے نفرت انگیز خیالات کو قومی دھارے میں لا یا جا رہا ہے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک(سی این پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریش نے دنیا بھر میں انتہا پسندی کو قومی سیاست میں لانے کے خطرات سے خبردار کر دیا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز نیویارک شہر میں جیوش کلچرل میوزیم میں کرسٹل نائٹ کی 81 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی رہنما اقتدار وطاقت کے لیے انتہا پسند گروپوں کے نفرت انگیز خیالات کو قومی دھارے میں لا رہے ہیں اور یہ چیز حکومتوں اور آزاد جمہوریت میں دونوں میںایک ہی شدت میں نظرآرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہالوکاسٹ کئی دہائیوں کے بعد آج بھی ہمارے درمیان موجود ہے جبکہ عدم برداشت اور نفرت جیسے دیگر واقعات جس میں گرجاگھروں اور مساجد پر حملے اور قتل عام ، تارکین وطن اور پناہ گزینوں کو نشانہ بنایا جانا شامل ہیں، منافرت لوگوں اور اداروں کے درمیان تعلقات اور سماجی بنیادوں کو نہ صرف کمزور بلکہ تباہ کر دیتی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ ثابت ہوا ہے کہ آن لائن ورلڈ تعصب،منافرت اور تشدد بڑھا نے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔ انتہا پسند گروپ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لئے خاص طور پر ڈیزائن کردہ ایپس اور آن لائن پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہیں ،ایسی وڈیوز اور پیغامات پوسٹ کیئے جاتے ہیں جو نوجوانوں کو لاشعوری طور مائل کرتے ہوئے انتہا پسندی میں اضافہ کا سبب بنتے ہیں،لہذا تمام والدین، اساتذہ اور سیاسی رہنما اس صورتحال کو بڑھنے سے روکنے کے لئے اپنے انتہائی کردار اداکریں اس سے قبل کہ چھپی ہوئی نفرت باہرآ کھڑی ہو اور منافرت اورتعصب ایک معمول میں تبدیل ہو جائیں آپ اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہاکہ لوگ نفرت کے لئے پیدا نہیں ہوتے ،جس طرح عدم برداشت سیکھی جا سکتی ہے اسی طرح ہے اس سے بچا اور اسے روکا بھی جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں