نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بقیہ میچوں میں محمد رضوان کو آرام دینے کا فیصلہ

لاہور (سی این پی )پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے محمد رضوان اور عرفان خان نیازی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی سی بی کے میڈیکل پینل کو محمد رضوان اور محمد عرفان خان کی ریڈیولوجی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ رپورٹس کا جائزہ لینے اور پاکستان ٹیم انتظامیہ کی مشاورت کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو لاہور میں ہونے والے دونوں میچوں میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی میڈیکل پینل کے ساتھ اپنی بحالی پر کام کریں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری دو ٹی20 میچز جمعرات اور ہفتے کے روز کھیلے جائیں گے۔محمد رضوان نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان بھی انجری کے سبب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں