امریکی ایوان نمائندگان میں کشمیر سے متعلق اجلاس 14 نومبر کو ہوگا

واشنگٹن(سی این پی )امریکی ایوان نمائندگان کے ٹام لانٹوس ہیومن رائٹس کمیشن کا اجلاس 14 نومبر کو ہوگا، جس میں بھارتی جارحیت اور مقبوضہ وادی کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ٹام لانٹوس ہیومن رائٹس کمیشن کے 14 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں کانگریس اراکین کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کی صدارت رکن کانگریس جیمز میک گوویرن کریں گے، ٹام لانٹوس ہیومن رائٹس کمیشن اجلاس کے 2 اہم سیشنز ہوں گے، پہلے سیشن میں مذہبی آزادی پر امریکی کمشنرانورامابارگوا بریفنگ دیں گے، جبکہ دوسرے سیشن میں کشمیر کے موجودہ حالات پر گواہان اور مبصرین شریک ہوں گے۔اجلاس کے بعد ایوان نمائندگان کو کشمیر پر سفارشات ارسال کی جائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر یورپی پارلیمنٹ میں بھی اجلاس طلب کیا جاچکا ہے، لیکن مودی اپنی جارحیت سے باز نہیں آیا، عالمی دباؤ کے باوجود کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن برقرار ہے۔خیال رہے کہ کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں، 4 ماہ سے کشمیریوں کو نماز جمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں دی جا رہی، کشمیری مسلمانوں کو نہ کھانے پینے کی اشیا دستیاب ہیں اور نہ ہی دیگر ضروریات زندگی مہیا کی جا رہی ہیں۔ وادی میں قحط کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔سرد موسم نے گھروں میں محصور کشمیریوں کی مشکلات بڑھا دیں، تاریخ میں پہلی بار میلادﷺکی محفل منعقد نہیں کرنے دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں