پرویز الٰہی کے گھر کو سب جیل قرار دینے کی درخواست منظور

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو اسپتال منتقل کرنے یا گھر کو سب جیل قرار دینےکی درخواست منظور کر لی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے اپنے گھر کو سب جیل قرار دینے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے پرویز الٰہی کو اسپتال منتقل کرنے یا گھر کو سب جیل قرار دینےکی درخواست منظور کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو 15 روز میں پرویز الٰہی کو ہاؤس اریسٹ کرنےکا پروسیجر مکمل کرنے کا حکم دیا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے فیصلے میں پرویز الٰہی کو ان کی مرضی کے مطابق طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پرویز الہٰی کی عمر 78سال ہے، ان کے علاج سے متعلق معاملہ بھی دیکھ لیں۔یاد رہے کہ متعدد کیسز میں گرفتار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اسپتال منتقل کرنے یا ان کے گھر کو سب جیل قرار دینے کی درخواست پرویز الٰہی کی اہلیہ نے دائر کی تھی جس پر سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں