رہائی پانے والے تینوں طالبان رہنمائوں کی قطر منتقلی

کابل(سی این پی)افغان حکومت سے رہائی پانے والے انس حقانی سمیت تین طالبان رہنمائوں کو قطر منتقل کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق دو غیرملکی مغوی کے بدلے ان طالبان رہنمائوں کو رہا کیا گیا ہے، دو مغوی امریکی اور آسٹریلوی شہریوں کی رہائی تک طالبان رہنما قطر میں ہی تحویل میں رہیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی اور امریکی پروفیسر تاحال طالبان کی قید میں ہے، جب تک ان کی رہائی عمل میں نہیں آتی انس حقانی اور دیگر دو طالبان جنگجو قطر میں ہی حکومتی تحویل میں رہیں گے۔طالبان کے ہاتھوں اغوا کیے گئے پروفیسروں کا تعلق آسٹریلیا اور امریکا سے ہے، جن کی رہائی کے بدلے حکام نے انس حقانی سمیت تین طالبان جنگجوئوں کو آزاد کیا، طالبان رہنما بگرام جیل میں قید تھے۔افغان صدر اشرف غنی نے گزشتہ روز طالبان رہنمائوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگجوئوں کی رہائی کا مقصد مذاکرات کے لیے راہیں ہموار کرنا ہے۔ رہا ئی پانے والے رہنمائوں میں انس حقانی، حاجی ملک اور حافظ رشید شامل ہیں جنہیں 2014 میں اہم کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ انس حقانی کمانڈر سراج الدین حقانی کا بھائی ہے، اس کا شمار حقانی نیٹ ورک کے سرکردہ رہنمائوں میں ہوتا ہے۔ امریکی پروفیسر کا نام کیون کنگ اور آسٹریلوی پروفیسر کا نام ٹموتھی ویکز ہے جو کابل میں امریکی یونی ورسٹی کے اساتذہ تھے اور 2016 میں انہیں کابل میں امریکی یونی ورسٹی کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔رہائی پانے والے رہنمائوں میں انس حقانی، حاجی ملک اور حافظ رشید شامل ہیں جنہیں 2014 میں اہم کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا.

اپنا تبصرہ بھیجیں