اسرائیل کا فضائی حملہ، اسلامی جہاد کے کمانڈر شہید

غزہ(سی این پی) فلسطین پر قابض اسرائیلی فورسز کے فضائی حملے میں فلسطینی گروپ اسلامی جہاد کے مرکزی رہنما شہید ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں ایک فضائی حملے میں اسلامی جہاد کے سرفہرست رہنما بہا ابو العطا کو شہید کر دیا، فلسطینی جہادی تنظیم نے بھی اپنے رہنما کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔اسرائیلی فورسز نے دعوی کیا ہے کہ ان پر غزہ کی پٹی میںمنگل کوفائرنگ کی گئی تھی اور راکٹ فائر کیے گئے تھے، جس کے جواب میں فضائی حملہ کیا گیا اور 42 سالہ جہادی رہنما مارا گیا۔ادھر فلسطینی گروپ نے کہا ہے کہ فورسز کے فضائی حملے میں گھروں کو نشانہ بنایا گیا، غزہ شہر میں ہونے والے اس حملے میں ابو العطا کی بیوی بھی شہید ہوگئیں جب کہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔فلسطینی گروپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے دمشق میں بھی گھروں کو نشانہ بنایا، قابض فورسز نے شامی دارالحکومت میں ان کے ایک سیاسی رہنما کے گھر پر حملہ کر کے انھیں شہید کیا۔رہنما کی شہادت کے بعد اسلامی جہاد نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل سے اپنے رہنما کی شہادت کا بدلہ لیں گے، تنظیم کا کہنا تھا کہ ہم صہیونی وجود کو چکناچور کر دیں گے۔ ادھر حماس نے بھی کہا ہے کہ ابو العطا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اسرائیل کو اس کے نتایج بھگتنا پڑیں گے۔خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز کا کہنا تھا کہ ابو العطا کے خلاف آپریشن کی اجازت وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے دی تھی، ابو العطا پر اسرائیل پر حالیہ راکٹ، ڈرون اور اسنائپر حملوں کا الزام ہے۔میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں آج بھی اسرائیل کے فضائی حملے جاری تھے، حملوں میں مزید 2 فلسطینی شہید کر دیے گئے، حالیہ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہو گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں