عراق میں فائرنگ، مزید تین مظاہرین جاں بحق، تعداد 300 سے تجاوز کر گئی

بغداد(سی این پی) عراق کے دارالحکومت میں آنسو گیس کا شیل پھٹنے سے مزید تین افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی۔تفصیلات کے مطابق عراق کے شہر بغداد میں حکومت مخالف مظاہرے کا آغاز اکتوبر میںہوا جس کے بعد سے مظاہروں میں شدت آتی جارہی ہے، بغداد میں 14 نومبر کو پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کیے جبکہ فائرنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کی جانب سے فائر کردہ شیل پھٹنے سے تین مظاہرین جاں بحق ہوئے۔یاد رہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں یکم اکتوبر سے حکومت مخالف مظاہروں کا آغاز ہوا جو ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتے جارہے ہیں، مظاہرین نے حکومت پر کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم سے فوری عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔گزشتہ دنوں عراقی صدر نے اپنے سرکاری خطاب میں ملک بھر میں نئے انتخابات کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم عادل عبدالمحمدی مشروط طور پر عہدہ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔ عراق میں ہونے والے مظاہروں میں پرتشدد واقعات پیش آئے جس کے نتیجے اب تک جاں بحق ہونے والے مظاہرین کی تعداد 300 سے تجاوز کرچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں