شدید اسموگ اور فضائی آلودگی،اسکول 2روز کیلئے بند

نئی دہلی(سی این پی)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شدید اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث تعلیمی اداروں میں دو روز کی تعطیل جاری ہے۔ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق ماحولیاتی آلودگی سے تحفظ اور قابو پانے سے متعلق بنائی گئی ایجنسی کے سربراہ بورے لال کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں شدید فضائی آلودگی کے سبب تعلیمی اداروں میں مزید 2 روز کیلئے تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فضا میں موجود خطرناک آلودگی اور وبائی امراض پھیلنے کے باعث بچوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بھورے لال کی جانب سے حکومت کو تعلیمی اداروں میں تعطیل کے حوالے سے خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔بھارتی حکام کے مطابق فضا میں موجود آلودگی کے باعث لوگوں کا باہر نکلنا اور سفر کرنا انتہائی خطرناک ہوگیا ہے۔ حد نگاہ صفر ہونے کے بعد عوام کی اکثریت نے نقل و حرکت محدود کردی ہے۔نئی دہلی کے علاوہ، اتر پردیش اور ہریانہ کے علاقے بھی اسموگ کی شدید لپیٹ میں ہیں۔ نئی دہلی میں صبح کے اوقات میں ایئر کوالٹی انڈکس 465 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ اتر پردیش، ہریانہ کے علاقوں میں بھی اسموگ چھائی ہوئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی دہلی کی فضائی آلودگی میں آج کچھ حد تک بہتری آنے کا امکان ہے، شہر میں فضائی آلودگی میں کمی کے لیے شروع کی گئی کنٹرولڈ ٹریفک اسکیم کی مدت بھی آج ختم ہو رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں