وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد(سی این پی)ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مغربی یرغمالیوں کی افغانستان میں رہائی مثبت پیشرفت ہے، پاکستان کو اس بات کی خوشی ہے کہ رہا ہونے والے مغربی یرغمالی محفوظ اور آزاد ہیں۔ امریکی صدر نے اس معاملے پر پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو بتایا کہ پاکستان پر امن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا.ترجمان وزیر اعظم ہاوس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشتگردی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور امریکی صدر کو بتایا کہ مقبوضہ جموں اور کشمیر میں بھارت کی جانب سے مسلط کئے جانے والے کرفیو کو 100 روز گزر چکے ہیں.وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی بننے کی امریکی صدر کی پیشکش کو ایک مرتبہ پھر سراہتے ہوئے درخواست کی کہ وہ مسّلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے کردار ادا کریں.ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اور تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں