مقبوضہ کشمیر؛قابض بھارتی فوج کی ماتمی جلوس پر فائرنگ، پیلٹ گنوں سے حملے

سری نگر(سی این پی) بھارتی فوج کے مظالم حد سے بڑھ گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں محرم کے ماتمی جلوس کو بھی نہیں بخشا، ظالم فوجیوں نے جلوس کے شرکا پر بندوقوں کے دہانے کھول دیے۔تفصیلات کے مطابق سری نگر کے ایک علاقے حسن آباد میں بھارتی فوجیوں نے ماتمی جلوس پر فائرنگ کھول دی، جلوس کے شرکا کو ممنوعہ پیلٹ گنوں کے نشانے پر رکھا۔کشمیری میڈیا نے خبر دی ہے کہ بھارتی فوج کی شیلنگ سے متعدد عزا دار زخمی ہو گئے ہیں، کشمیر کا فوٹو جرنلسٹ بھی پیلٹ گنوں کے چھرے لگنے سے زخمی ہو گیا۔بھارتی فورسز نے جلوس کی کوریج کرنے والے فوٹو جرنلسٹ کا کیمرا بھی چھین کر توڑ دیا۔بھارتی فورسز نے تین صحافیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جن میں شاہد خان، مبشر ڈار اور بلال بھٹ شامل ہیں۔واضح رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 35 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات مکمل طور پر معطل ہیں۔قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کر رکھی ہے جب کہ ذرایع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔ مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں