پاکستان میں ناروے کے سفیر دفتر خارجہ طلب،قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت،قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستانی حکومت اورعوام کی تشویش سے آگاہ کیا، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد (سی این پی)پاکستان میں ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی اور قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستانی حکومت اور عوام کی تشویش سے آگاہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور ناروے کے شہر کرسٹن سینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور سفیر کو حکومت پاکستان اور عوام کی تشویش سے آگاہ کیا۔نارویجن سفیر کو بتایا گیا کہ اس واقعہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے سوا ارب مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے اور اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ایسے واقعات قابل برداشت نہیں۔نارویجن حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔اوسلو میں تعینات پاکستانی سفیر کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی نارویجن حکومت کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں