امیر جماعت اسلامی کا 22 دسمبر کو اسلام آباد جانے کا اعلان

اسلام آباد(سی این پی)کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے 22 دسمبر کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلام آباد جانے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کشمیر کی آزادی کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے، سنگ مرمر کے قبرستان اسلام آباد میں جا کر جہاد کا اعلان کریں گے۔انھوں نے یوتھ لیڈرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا وقت کا غزنوی بن کر بھارت کے غرور کا سومناتھ پاش پاش کروں گا، لاکھوں لوگوں کا قافلہ لے کر 22 دسمبر کو اسلام آباد جائیں گے اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کریں گے۔سراج الحق کا کہنا تھا اسلام آباد جا کر حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کروں گا، پنجاب کے ہر ضلع، ہر علاقے سے قافلے روانہ ہوں، جماعت اسلامی کے کارکنان 22 دسمبر کے لیے تیاری کر لیں، کشمیر کی آزادی کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے۔انھوں نے کہا کہ انگریزوں نے ہمارے کلچر کو بھی تباہ کیا، حکومتیں جھوٹ بولتی رہیں کہ تعلیم عام کریں گے، شرم کی بات ہے پاکستان میں تعلیم کے لیے کم بجٹ رکھا جاتا ہے، آیندہ بلدیاتی الیکشن میں نوجوانوں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔امیر جماعت نے مزید کہا کہ حکومت کا ویژن کارخانوں کی بجائے لنگر خانوں پر ہے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں ٹماٹر مہنگا ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں