پرویز مشرف کو غدار کہنا ظلم ہے ، وزیرداخلہ اعجاز شاہ

اسلام آباد(سی این پی) وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے پرویز مشرف کو غدار کہنا ظلم ہے، ان کے خلاف کیس صحت یابی تک موخر کر دینا چاہیے، مریم نواز کو باہرجانے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ایک انٹرویو میں کہا پرویز مشرف کو غدار نہیں کہا جاسکتا، ان سے زیادہ اس وقت کوئی بیمار نہیں ، پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے عدالتوں نے نکالا۔نواز شریف کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف بیمار ہیں مگر کچھ ہوا تو ہے، اگر وہ بیماروں کی طرح باہر جاتے تو کوئی نہیں پوچھتا، میڈیکل رپورٹ اور حقیقت میں کہیں نہ کہیں تو فرق ہے۔اعجاز شاہ نے کہا کہ نواز شریف کو باہرجانے کی اجازت کابینہ کی منظوری کے بعد دی گئی، بیشتر کابینہ ارکان نواز شریف کے باہر جانے کے حامی تھے، نواز شریف واپس نہیں آتے تو ہم عدالت جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے نواز شریف کے اوربچے بھی ہیں وہ تیمارداری کرسکتے ہیں۔سابق صدرآصف زرداری کیس پر ان کا کہنا تھا کہ جعلی اکائونٹ کیس میں بہت کچھ ہے، لوگ کہہ رہے ہیں انہوں نے پیسے دینے شروع کردیے ہیں ، میڈیکل بورڈ کہہ دے تو زرداری کو بیرون ملک جانے دینا چاہیئے۔خیال رہے گذشتہ روز وزارت داخلہ مشرف کیس کا فیصلہ روکنے کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف کو صفائی کا موقع ملنے اور نئی پراسکیوشن ٹیم تعینات کرنے تک خصوصی عدالت کو فیصلے سے روکاجائے اور فیصلہ محفوظ کرنے کا حکم نامہ بھی معطل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں