’چمکیلی‘ ایک گانا ہے اسے سن کر مزہ لیں،ابرارالحق

کراچی(سی این پی) معروف گلوکار ابرار الحق کا نیا گانا ’چمکیلی‘ ریلیز ہوچکا ہے جہاں ابرار الحق کے نئے گانے کو بے حد پذیرائی مل رہی ہے وہی انہیں روایات کی خلاف ورزی کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔ابرارالحق کے نئے گانے ”چمکیلی“ میں کوئی اور نہیں بلکہ چمکیلی اداکارہ مہوش حیات نے پرفارم کیا جبکہ گانے کی ویڈیو میں ان کا ساتھ معروف یوٹیوبر شاہ ویر جعفری نے دیا ہے۔گانے میں مہوش حیات چمکیلی بنی ہیں، جو اپنی شادی کی تقریب کے دوران نہایت پرجوش نظر آرہی ہیں۔اس گانے میں جہاں شاہ ویر سفید رنگ کی شیروانی میں خوبرو لگ رہے ہیں تو دوسری طرف مہوش حیات سرخ رنگ کے عروسی جوڑے میں نہایت پرکشش اور دلکش نظر آرہی ہیں۔ویڈیو میں دکھایا گیا کہ مہوش حیات روایات کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی بارات خود لے کر شاہ ویر کے گھر آئی ہیں اور شاہ ویر کو رخصت کروا کر اپنے گھر لے جانے کا ارادہ کررہی ہیں۔ایک طرف تو سوشل میڈیا پر گانے کی ویڈیو کو بے انتہا پسند کیا جارہا ہے تو دوسری طرف کچھ افراد روایات کو تبدیل کرنے پر ابرار الحق کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ابرار الحق نے لوگوں کی تنقید پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک گانا ہے اسے سن کر مزہ لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں