کسی عبوری حکومت کو قبول نہیں کریں گے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(سی این پی) مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اِن ہائوس تبدیلی کا فیصلہ پارلیمانی پارٹی کرے گی اور کسی بھی عبوری حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آنے والے کچھ دنوں میں انشا اللہ نواز شریف روبصحت ہو جائیں گے جس کے بعد شہباز شریف مارچ میں وطن واپس آ جائیں گے۔انہوں نے حکومتی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بہت کم اکثریت اور خراب پرفارمنس سے حکومت زیادہ دن نہیں چل سکتی، ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو معاشی استحکام کیسے ہوگا۔رانا ثنا کا کہنا تھا کہ حکومت نے پولیس کو بھی مشن دیا ہے کہ مخالفین کے خلاف کارروائی کریں، موجودہ حکومت اداروں کو یرغمال بنا کر مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے، ایف آئی اے کو مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)مہنگائی پر نمبر نہیں بنانا چاہتی، 6 ماہ بعدبقول چوہدری شجاعت اور دیگر کوئی وزیراعظم بننے پر تیار بھی نہیں ہوگا، ہم خود ساختہ احتجاج کرکے اپوزیشن کو منتشر نہیں کرنا چاہتے، پیپلزپارٹی اور مولانا نے احتجاج کا اعلان کیا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی جائے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اِن ہائوس تبدیلی کا فیصلہ پارلیمانی پارٹی کرے گی، کسی بھی عبوری حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں