وزارت خارجہ اعلی سطحی اجلاس، بیرونی ملک پاکستانیوں کی واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوئوں کا جائزہ

اسلام آباد (سی این پی )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت، وزارت خارجہ میں کورونا وباء کے چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جمعہ کو اجلاس میں بیرونی ممالک میں منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا ،معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈاکٹر معید یوسف،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سیکرٹری ہوابازی ڈویژن حسن ناصر جامی، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ جنرل عامر اکرام، سی ای او شوکت خانم ڈاکٹر فیصل سلطان اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام کی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اس اہم مسئلے پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی بیرونی ممالک سے پاکستان ممکنہ آمد کے خطرے کو روکنے کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اسی دوران صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈائون کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا عالمی وباء کے پھیلا ئوکی نوعیت اور رسک اسسمنٹ کے حوالے سے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ایئرپورٹ پر مسافروں کے ٹیسٹ اور کوارنٹائین کی سہولت اور دیگر تیاریوں کے حوالے سے شرکا اجلاس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہماری استعداد کار میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن دوسری طرف وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ہمیں اس صورت حال کو متواتر دیکھنا ہو گا۔ ہم نے جب چین میں مقیم پاکستانی طلبا ء کو پریشر کے باوجود واپس نہ لانے کا فیصلہ کیا تو آج وہی طلبہ ہمارے فیصلے کی تعریف کر رہے ہیں۔ اجلاس میں 4 اپریل کو بین الاقوامی فلائٹس بحال ہونے کی صورت میں لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئیں۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں