صارفین کے حقوق پر ڈاکہ ،پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے پٹرول پمپ پر مہنگے داموں پٹرول کی فروخت جاری

چکوال(سی این پی)پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنے کی راہ میں ممبر قومی اسمبلی رکاوٹ بن گئے ،اپنی ہی حکومت کے مقررہ کردہ نرخ پر پٹرول بیچنے کی بجائے مہنگے داموں فروخت جاری،حکمران جماعت کے ممبر قومی اسمبلی سردار ذوالفقارعلی خان دلہہ اپنے ذاتی پٹرول پمپ دلہہ پٹرولیم سروسز (Exceed Petroleum)نزد نیلا دلہہ انٹرچینج پر تین روپے فی لیٹر مہنگا پٹرول بیچ کر عوام کی جیبیں کاٹنے لگے جنہیں پوچھنے والا کوئی نہیں،ذرائع کے مطابق پٹرول کی موجودہ قیمت 81.58روپے ہے جبکہ ممبر قومی اسمبلی عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام پر تین روپے کا مزید بوجھ ڈال کر 84.60روپے میں سرعام فروخت کررہے ہیں،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پٹرول پمپ مینجر سے جب کوئی صارف زائد نرخ کی شکایت کرتا ہے تو اسے کہا جاتا ہے کہ یہی قیمت ہے یہی ادا کرنا ہو گی، صارف اگر حکومتی نرخ پر اصرار کرے تو اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں،کریڈیبل نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی کے پٹرول پمپ پر صارفین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور انہیں پٹرول کے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے،

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر چکوال عبدالستار عیسانی سے رابطہ کیا گیا کہ دلہہ پٹرولیم سروسز (Exceed Petroleum)نزد نیلا دلہہ انٹرچینج پر تین روپے فی لیٹر مہنگا پٹرول فروخت ہو رہا ہے اور ان سے مہنگے داموں پٹرول ڈلوانے والے صارف کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی تو انہوں نے کہا کہ انکے علم میں نہیں البتہ وہ معاملے کی جانچ پڑتال کروا کرضابطے کے مطابق کارروائی کرینگے،دوسری جانب حکمران جماعت کے ممبر قومی اسمبلی سردار ذوالفقارعلی خان دلہہ سے متعدد بار موقف لینے کیلئے رابطہ کیا گیا تو ان کے پی ایس مقصود نے فون اٹینڈ کیا توپہلے حلقے میں راشن کی تقسیم کی مصروفیت بتائی اورتھوڑی دیر کے بعد فون پر بات کروانے کی یقین دھانی کروائی اور اسکے بعد فون سننے کی زحمت گوارہ نہ کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں