اصل ڈرامے ختم ہی ہوگئے، انڈسٹری کو جاگنے کی ضرورت ہے،نعمان اعجاز

کراچی(سی این پی)پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف اداکارنعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ انڈسٹری کو جاگنے کی ضرورت ہے اور مجھے ذاتی طور پر لگتا ہے ہمارے میڈیا کو پھانسی دینی چاہیے کیونکہ یہ لوگوں کو آگاہی نہیں دے رہے۔ حال ہی میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاگرام کے لائیو سیشن کے دوران پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری پر برہمی کا اظہار کیا۔نعمان اعجاز نے کہا کہ ‘اگر آج کے دور کے ڈراموں پر نگاہ ڈالی جائے تو ڈرامے کے کردار لاؤنج سے ڈرائنگ روم، ڈرائنگ روم سے کچن اورکچن سے بیڈروم تک ہی جاتے ہیں، وہ لوگ باہر تو کیا کھڑکی سے بھی جھانکنا نہیں جانتے ہیں، آخرکب تک ایسے موضوعات پر کہانیاں بنتی رہیں گی’۔انہوں نے کہا کہ ‘سب چینلز ایک ہی طرح کے ڈرامے دکھا رہے ہیں جب کہ پہلے کے ڈراموں میں چاروں صوبوں کی ثقافت، روایتوں، رسم ورواج کو عکس بند کیا جاتا تھا، آپ ان ڈراموں کو دیکھ کر بہت سی نئی معلومات بھی حاصل کیا کرتے تھے’۔نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ ‘آج کے ڈراموں میں یہ دکھایا جارہا ہے ایک خاتون کسی اور کے شوہرکو پسند کرتی ہے لیکن شادی کسی اور سے کرتی ہے، نہ صرف یہ بلکہ ایک دوسرے سے یا ایک دوسرے کے لیے بدلہ لیتے دیکھ کر ہی ڈراموں کا اختتام ہوجاتا ہے’۔ اداکار نے مزید کہا کہ ‘اصل ڈرامے ختم ہی ہوگئے ہیں، انڈسٹری کو جاگنے کی ضرورت ہے، یہاں ہم کسی بھی ایک چینل کوذمہ دار نہیں ٹھہراسکتے ہیں، ہم جتنی منفی چیزیں اپنی عوام کو دکھائیں گے وہ اپنی زندگیوں میں وہی کریں گے’۔ نعمان اعجاز نے کہا کہ ’میری ذاتی رائے ہے کہ ہمارے میڈیا کو پھانسی دے دینی چاہیے کیونکہ آج کے ڈرامے کسی کو نہ ہی کوئی آگاہی دے رہے ہیں اورنہ ہی کوئی نئی معلومات، ایسا تصور کیا جاتا ہے عوام کچھ نہیں جانتی جب کہ اب عوام سب کچھ جانتی ہے اور ڈرامہ انڈسٹری اپنی جگہ رک گئی ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں