عوامی شکایات کا ازالہ، وزیر اعظم کو وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی رپورٹ پیش

اسلام آباد (سی این پی) وزیر اعظم عمران خان کو وفاقی وزارت تعلیم کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے پر کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی ، جس میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی کو ناقص قرار دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرکاری اداروں میں عوامی شکایات کے حل کے معاملے پراداروں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال جاری ہے اور وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ متحرک ہیں۔وفاقی وزارت تعلیم کی کارکردگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی اور عوامی شکایات کے ازالے پر کارکردگی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 18 افسران کے ڈیش بورڈز پر 542 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی کارکردگی ناقص قرار دیا گیا ہے۔وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ ناقص کارکردگی پر سابق ڈی جی فیڈرل ایجوکیشن ، ڈپٹی ڈائریکٹرفیڈرل ایجوکیشن،پرنسپل ایف جی کالج ہوم اکنامکس سیوضاحت طلب کرلی گئی ہے۔وزیراعظم آفس نے کہا کہ ہدایت کے برعکس افسران نے شکایات کے حل میں کوتاہی کی، افسران شکایات کے حل ،رائے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔رپورٹ میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کی کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں