عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد(سی این پی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، قوانین میں درکار اصلاحات میں اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور اقدامات پر گفتگو کی گئی۔گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت عوامی حقوق کا تحفظ کرنا مقننہ کا اہم ترین کردار ہے، قوانین میں درکار اصلاحات میں اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے، عوامی مفاد کے لیے ہم پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں شفافیت کے لیے پر عزم ہیں، شفاف انتخابات کے لیے پارلیمنٹ بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے، پارلیمانی رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلایا ہے، انتخابی اصلاحات پر الیکشن کمیشن سے بھی بریفنگ لی جائے گی۔واضح رہے کہ اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس 28 ستمبر کو طلب کیا ہے، ن لیگ نے اس اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ اسپیکر پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کرنے کا اختیارنہیں رکھتے، اے پی سی کے فیصلوں کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں