سعودی عرب میں غیرمعیاری سگریٹ فروش کمپنیوں کو پابندیوں کی وارننگ

ریاض(سی این پی)سعودی عرب میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر غیرمعیاری سگریٹ فروش کرنے کے بعد محکمہ صحت نے وضاحت کی ہے کہ ملک میں کہیں بھی غیرمعیاری تمباکو فروشی نہیں ہو رہی ہے تاہم دوسری طرف سعودی عرب کی فوڈ اتھارٹی اور وزارت تجارت نے خبردار کیا ہے کہ غیرمعیاری سگریٹ فروخت کرنے والی کمپنیوں کے لائسنس ضبط کرکے ان کے کاروبار پرپابندی عائد کی جائے گی۔قبل ازیں فوڈ اینڈ ڈرگز اتھارٹی کی جنرل باڈی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں وضاحت کی گئی تھی کہ سگریٹ کی ڈبیوں کے پیکنگ کور کی تبدیلی کی گئی ہے مگرسگریٹ کے عالمی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے وضع کردہ فریم ورک پرعمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض صارفین نے فلیور کی تبدیلی پرسگریٹ کے معیار پرجس شبے کا اظہار کیا ہے وہ درست نہیں کیونکہ فلیوراور ذائقے کی تبدیلی سگریٹ کے ملاوٹ زدہ ہونے کی دلیل یا ثبوت نہیں ہے۔ ڈرگز اتھارٹی اور وزارت تجارت وسرمایہ کاری نے سگریٹ کے غیر معیاری ہونے کے خدشات کی مکمل چھان بین کے بعد جاری کردہ بیان میں صارفین کو یقین دلایا ہے کہ ملک میں کسی کمپنی کو غیر معیاری سگریٹ فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں