دہشتگردوں کی سہولت کاری کا الزام،ایک جج کیخلاف ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ

لاہور(سی این پی) پنجاب کی نگران حکومت نے دہشتگردوں کو غیر معمولی سہولت کاری پہنچانے پر ایک جج کےخلاف ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں 9 مئی واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جب کہ اس دوران دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ملزموں کی نشاندہی کرنے والےافراد کے لیے نقدانعامات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں آئی ایس آئی کےدفترپرحملےکے نامزد ملزمان کی غیرقانونی سہولت کاری پر اظہار تشویش کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردوں کو غیر معمولی سہولت کاری پہنچانے پر ایک جج کےخلاف ریفرنس بھیجا جائے گا جب کہ نامزد ملزمان کی غیر قانونی اور غیر آئینی سہولت کاری کا فیصلہ بھی چیلنج کیا جائے گا۔اجلاس میں کہا گیا کہ نامزد ملزمان کی سہولت کاری انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شرپسندوں کے خلاف درج مقدمات کی بھرپور پیروی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مفرور شرپسندو ں کی جلد ازجلد گرفتاری یقینی بنائی جائے، آرمی تنصیبات اور عوامی اثاثوں پرحملہ کرنے والےکسی رعایت کے مستحق نہیں، 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں