میڈیکل کی تعلیم پاکستان کےلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، وفاقی وزیر تعلیم

لاہور(سی این پی )وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ میڈیکل کی تعلیم پاکستان کےلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے دنیا بھر میں اپنا مقام بنایا ہے، جیسے جیسے آبادی بڑھ رہی ہے حکومتی ذمہ داریوں میںبھی اضافہ ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل ”عائشہ بلاک “کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہاکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹرز پوری دنیا میں شہرت رکھتے ہیں،جہاں جہاں بھی اسکے ڈاکٹرز موجود ہیں وہ اپنے شعبے میں بہت مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ی حکومت کے تین اہداف ہیں، پہلی ترجیح ایجوکیشن میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی رسائی ہو سکے جتنے زیادہ لوگ میڈیکل کے شعبے میں آئیں گے اتنا ہی عام لوگوں کو فائدہ ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جس تیزی کے ساتھ پاکستان کی آبادی بڑھ رہی ہے اس کےلئے زیادہ سے زیادہ ڈاکٹرز کی ضرورت ہے ،دوسری ترجیح کوالٹی ایجوکیشن کی ہے جس میں کوالٹی کا خیال رکھا جائے ، ملک میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی تعدادبہت زیادہ ہو چکی ہے لیکن ان میں سے کچھ میڈیکل کالجز کا معیار بہتر نہیں ہے لہذا وہ ڈاکٹرز جنہوں نے مریضوں کو دیکھنا ہے اس کی اہلیت جانچنے کےلئے کوئی معیار مقرر کیا جانا چاہیے،تیسری ترجیح ہمارے لئے چیلنج ہے کہ پی ایچ ڈی کرنے والے بے روز گار افراد کےلئے نوکریاں نہیں ہیں اس کےلئے حکومت اور نجی سیکٹر کو مل کر کوشش کرنا ہوگی، حکومت بھی اس سلسلے میں اقدامات کر رہی ہے ہم اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو بہتر طریقوں پر ڈھالنے کی ضرورت ہے مگر ساتھ ساتھ اپنی قومی ذمہ داریوں کو بھی بخوبی انجام دینا چاہیے۔ اس موقع پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج 1860ءمیں قائم ہوا ¾ اس کے بعد 2005ءمیں اسے یونیورسٹی کا درجہ دیدیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا ریسرچ سنٹر ،لائبریری اور دیگر شعبہ جات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں۔ اس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے ۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر فضل احمد خالد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اساتذہ میں نمایاں کارکردگی پر شیلڈز تقسیم کیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر تعلیم و نیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل ”عائشہ بلاک “کا افتتاح کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں