عالمی ادارہ صحت نہتے کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے،وزیر خارجہ

جنیوا (سی این پی) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی المیے کی صورتحال پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت سے لاکھوں نہتے کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیاہے ۔ انہوں نے یہ بات جنیوا میں جاری انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کے سبب انسانی جانوں کو درپیش شدید خطرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پانچ اگست سے مسلسل کرفیو نافذ کر رکھا ہے، صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہاکہ طبی عملہ کو حاملہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال ایک نئے انسانی المیے کے رونما ہونے کی نشاندھی کر رہی ہے اور عالمی ادارہ صحت کو لاکھوں نہتے کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل کے42 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے جنیوا کا دورہ کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں