پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں زور وشور سے جاری

اسلام آباد (سی این پی) 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں ، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سٹی برانڈنگ کے سلسلے میں مختلف مقامات پر کشمیر میں ظلم وستم کو تصویری صورت میں نمایاں کیا گیا ہے۔ دارلحکومت کے اہم پلوں کو یوم یکجہتی کے بینروں سے سجانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مواد اپ لوڈ کیا جا رہا ہے۔ اس سال یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایک ہفتہ قبل سے ہی بھرپور مہم شروع کر دی گئی ہے، اہم شاہرائوں پر آزاد کشمیر کے پرچم آویزاں کئے جا رہے ہیں، بینرز آویزاں کئے جا رہے ہیں،3فروری کو کنونشن سنٹر میں طلباء کنونشن منعقد ہوگا جس سے وزیر امو ر کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور خطاب کریں گے۔4فروری کو ایوان صدر میں سفراء کانفرنس ہوگی جس سے صدر ممت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ حریت راہنماء بھی خطاب کریں گے۔ 5فروری کو وزیر اعظم عمران خان مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں