ایف ایٹی ایف کی گرے لسٹ ، پاکستان کی قسمت کا فیصلہ آئندہ ماہ ہوگا

اسلام آباد(سی این پی) وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ذیلی گروپ کے سامنے موثر انداز میں اپنا کیس پیش کیا ہے، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ پر پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ ماہ کے اجلاس میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیربرائے اقتصادی امورحماداظہرکی قیادت میں پاکستانی وفد نے ایف ایٹی ایف کے ذیلی گروپ اے پی جی سے اجلاس میں ملاقات کی۔اجلاس دوروزتک جاری رہا۔اجلاس میں پاکستان نے مختلف معاملات پر پیش رفت سے متعلق گروپ کو آگاہ کیا جبکہ پاکستان نے اقدامات پرمبنی رپورٹ بھی جمع کروائی۔وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا پاکستانی حکام نے اپنا کیس انتہائی موثراندازمیں پیش کیا ہے، تمام معاملات پر پاکستان کی جانب سے لئے گئے اقدامات موثرانداز میں بریفنگ دی گئی۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے طریقہ کار کے مطابق ایشیا پیسفک گروپ اب پاکستان کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پیش کرے گا، اجلاس اکتوبرتیرہ سے اٹھارہ تک پیرس میں ہوگا۔ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ اور دہشت گردی فنانسنگ کے خلاف دس پوائنٹس پر پاکستان کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کریگا، جس کے بعد فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ کے معاملے پر پاکستان کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں