وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے ، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم امریکا روانگی سے قبل بھی سعودی عرب کادورہ کرسکتے ہیں، دورہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتہائی اہم ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم رابطے جاری ہے ، وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دورے کا فیصلہ کرلیا، وہ رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے امریکا سے واپسی پر سعودی عرب دورے پر مشاورت ہوئی، عمران خان امریکا روانگی سے قبل بھی سعودی عرب کا دورہ کرسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتہائی اہم ہوگا۔یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی سعودی اور یو اے ای وزرائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور اور شیخ عبد اللہ بن زاید بن سلطان النہیان کی عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم اور وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ فیصلے پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو اور بلیک آئوٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو کے خاتمے، نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا، انھوں نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پر زور دیا تھا۔دونوں وزرائے خارجہ نے امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ خطے میں امن کے ماحول اور کشیدگی میں کمی کے لیے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے رابطہ کرکے سعودی ولی عہد محمدبن سلمان کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا ، دونوں رہنماں کے درمیان دو ہفتے میں یہ تیسرا رابطہ تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں