عوامی فلاح و بہبود کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، اسد عمر

کراچی(سی این پی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ملک صدیق اعوان ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعلی سندھ کو بتایا ہے کہ ہم سب کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں کیونکہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے منصوبوں میں ہم سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا منصوبہ کے فور کراچی کے لئے اہم منصوبہ ہے اور اس منصوبے کے تحت تقریبا 26 کروڑ گیلن پانی کراچی کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے کی انجنیئرنگ ڈیزائن رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے اور حکومت سندھ کو بھیج دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ حکومت سندھ کابینہ کے زیر غور ہے اور جیسے ہی حکومت سندھ اس کی منظوری دیتی ہے اس منصوبہ پر ترجیحی بنیادوں پرکام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے کامیابی پر تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شکور شاد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شکور شاد کی کامیابی پورے ملک کے لئے ایک سرپرائز تھا۔ اسد عمر نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی ہم آہنگی فہمیدہ مرزا کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فہمیدہ مرزا سے لیاری کے لئے اسپورٹس گرائونڈ بنانے کی گزارش کی ہے اور امید ہے کہ آئندہ بجٹ میں اس کے لئے رقم مختص کی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لیاری میں کھیلوں کے حوالے سے بہت ٹیلنٹ موجود ہے، لیاری کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے سے نوجوان نہ صرف لیاری کا نام روشن کریں گے بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کریں گے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اسد عمر نے رکن قومی اسمبلی شکور احمد شاد کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر شہید ملک صدیق اعوان ویلفیئر ٹرسٹ ہستپال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں