بھارتی آرمی چیف کی آزادکشمیر پر قبضے کی دھمکی دیوانے کی بڑ کے سوا کچھ نہیں، راجہ مشتاق احمد منہاس

راولپنڈی (سی این پی )آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات وسیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی آزادکشمیر پر قبضے کی دھمکی دیوانے کی بڑ کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا غیر ضروری ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔اپنے ردعمل میں راجہ مشتاق منہاس نے کہا کہ بھارت کے پاس کشمیریوں کورائے شماری کا حق دئیے بغیر اور کوئی چارہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا کیونکہ اس کا مقابلہ ایسی فوج سے ہے جو دنیا کی بہترین فوج ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری،جرات اور پامردگی کی داستانیں شجاعت کے ایسے باب ہیں جو تاریخ عالم کا روشن باب ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ خطہ اسوقت ایسے حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا جنگیں صرف تباہی لاتی ہیں جبکہ امن کے ذریعے ہی دونوں ملکوں کا ترقی کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم اپنی پاک فوج کی پشت پر ہے بھارت نے اگر کسی قسم کے پاگل پن کا مظاہرہ کیا تو آزادکشمیر کی سرزمین کو اس کا قبرستان بنا دیں گے۔انہوں نے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاع وطن کے لیے پوری قوم ایک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں