آصف زرداری کو اے سی کیلئے میڈیکل آفیسر سے رابطے کی ہدایت

احتساب عدالت نے جیل میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو اے سی کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق فیصلہ سنادیا۔ آصف زرداری کو اے سی کے لیے میڈیکل آفیسر سے رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔جمعہ کو اڈیالہ جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی آصف زرداری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جج نے استفسار کیا کہ بہتر کلاس کے ملزم کو اے سی کی سہولت دی جاتی ہے تو آصف زرداری کو کیوں نہیں دے رہے؟عدالت نے اڈیالہ جیل کے حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیا جس پر نمائندہ جیل نے بتایا کہ نواز شریف کو میڈیکل گرائونڈ پر اے سی کی سہولت دی گئی،آصف زرداری کا بھی 29 اگست کو طبی معائنہ ہو چکا ہے، اگر ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوتی تو ڈاکٹرز انہیں اسپتال میں داخل کرلیتے، ڈاکٹرز نے اے سی فراہم کرنے کی ہدایت بھی نہیں کی ہے۔جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ ہرکیس ایک نوعیت کا نہیں ہوتا، قانون کوئی ڈیکوریشن پیس نہیں کہ سجا کر رکھ دو،روایات پر نہیں بلکہ قانون پر عمل کریں۔احتساب عدالت نے آصف زرداری کو اے سی کی سہولت سے متعلق عدالت نے فیصلہ سنا دیا اور اے سی کے لیے میڈیکل آفیسر سے رابطے کی ہدایت کی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل آفیسر اے سی تجویز کریں تو اجازت دی جائے، اگر ڈاکٹر یہ کہیں کہ اے سی ضروری ہے تو لگایا جائے۔ عدالت نے آصف زرداری کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔عدالت نے جیل میں آصفہ بھٹو اور دیگر کو آصف زرداری سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر بھی سماعت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر مہرین بلوچ، اے ایس پی عائشہ گل اور اڈیالہ جیل حکام پیش ہوئے۔عدالت نے تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔کیس کی مزید سماعت 18 ستمبرکو ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں