امریکا کی افغانستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت

واشنگٹن(سی این پی) امریکا نے افغانستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کر دی، امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے نومولود سمیت بے گناہ لوگوں کی جانیں لیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں دہشت گرد حملوں کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں پر کسی بھی قسم کا حملہ ناقابل معافی ہے۔مائیک پومپیو نے کہا دہشت گرد اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، رمضان کے مقدس مہینے اور کرونا وبا کے وقت پر حملے خاص طور پر خوف ناک ہیں، طالبان نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا، انھوں نے بھی حملوں کو گھنائونا قرار دیا۔امریکی وزیر خارجہ نے خدشے کا اظہار کیا کہ مفاہمتی عمل میں پیش رفت تک افغانستان دہشت گردی کا شکار رہ سکتا ہے۔ انھوں نے کہا افغان عوام دہشت گردی سے پاک مستقبل کے مستحق ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان صوبے ننگرہار میں خود کش حملے میں 26 افراد جاں بحق جب کہ 68 زخمی ہوئے تھے۔ یہ حملہ ایک جنازے کے دوران کیا گیا۔ ادھر کل ہی کابل کے مغرب میں سرکاری میٹرنٹی ہوم پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں