ٹرمپ نے سعودی عرب میں فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی

واشنگٹن (سی این پی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے آئل پلانٹس پر ہونے والے حملے کے بعد سعودی عرب میں فوج کے اضافی فورسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ سیکرٹری دفاع مارک اسپر نے میڈیا کو بتایا کہ 14 ستمبر کو سعودی عرب کی قومی آئل کمپنی آرامکو کے پلانٹس پر ہونے والے حملے کے بعد ان تنصیبات پر کسی بھی طرح کے حملے کو روکنے کے لئے فوج اور ضروری ہتھیاروں کے تعیناتی کی صدر ٹرمپ نے منظوری دے دی ہے۔امریکی جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی تعداد ہزاروں میں نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے تھے،یمن کے حوثی باغیوں نے آئل تنصیبات پر میزائل حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی مگر سعودی عرب اور امریکا کی جانب سے اس کا الزام ایران پر لگایا گیا ہے تاہم ایران نے الزام کو مسترد کیا ہے۔سعودی عرب میں آئل تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکی صدر نے ایران پر انتہائی سخت پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا جب کہ انہوں نےاشارہ دیا کہ وہ فوجی تصادم نہیں چاہتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں