کرونا سے بچائو کا اسپرے انسانوں کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے ، عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

جنیوا (سی این پی)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کے لیے گلیوں، سڑکوں میں جراثیم کش اسپرے انسانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے جینیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کورونا کے خاتمے کیلئے جراثیم کش اسپرے انتہائی خطرناک ہے ۔ گلیوں میں جراثیم کش اسپرے کرنے سے کورونا وائرس کا خاتمہ نہیں ہوتا ۔بلکہ یہ لوگوں کے لیے مزید خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ گلیوں یا بازاروں میں جراثیم کش اسپرے کورونا کے خا تمے میں موثر ہونے کے بجائے گرد اور مٹی کی وجہ سے غیر موثر ہو جاتا ہے. ان کا کہنا تھا کہ جراثیم کش اسپرے کسی کے لیے بھی جسمانی اور نفسیاتی طور پرنقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ انسانوں پر کلورین یا دیگرکیمیکل کے چھڑکا سے آنکھ یا جلد متاثر ہو سکتی ہے۔ڈاکٹر ٹیڈروس کے مطابق کسی بھی حال میں انسانوں پر جراثیم کش دوا کا اسپرے نہیں ہونا چاہئیے ۔البتہ بند جگہوں پر جراثیم کش دوا کسی کپڑے پر لگا کر استعمال کی جانی چاہیے ،مختلف مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ وائرس کئی دنوں تک کئی طرح کے سطحوں پر رہ سکتا ہے۔ لیکن ابھی یہ ایک مفروضہ ہے ۔ انھیں تجربہ گاہ کے حالات کے تحت ریکارڈ کیا جاتا ہے اورانہیں حقیقی دنیا کے ماحول میں احتیاط سے سمجھا جانا چاہئے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 3 لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 47 لاکھ 21ہزار825 تک جا پہنچی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں