امریکی صدر کورونا سے بچنے کیلئے روزانہ کونسی دوا لے رہے ہیں؟

واشنگٹن(سی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے روزانہ ایک گولی ہائیڈروکسی کلوروکوئن کی خوراک لیتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے ریسٹورنٹس کے ایگزیکٹوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وائٹ ہائوس کے ڈاکٹر سے پوچھنے کے بعد ملیریا کی دوا لینا شروع کردی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میراکورونا ٹیسٹ منفی آیا اور نہ ہی وائرس کی کوئی علامت ہے لیکن وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے میں گزشتہ ایک ہفتے سے ملیریا کے علاج کے لیے استعمال کی جانے والی ہائیڈروکسی کلوروکوئن کا استعمال کر رہا ہوں۔اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ آپ ہائیڈروکسی کلوروکوئن کیوں کھاتے ہیں؟ٹرمپ نے جواب دیا کہ مجھے لگتا ہے یہ اچھی دواہے، میں نے اس کے بارے میں اچھی باتیں سن رکھی ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مارچ میں ملیریا کی دوا کلوروکوئن Chloroquine اور ہائیڈروکسی کلورو کوئن Hydroxychloroquine کو کورونا علاج کے لیے تجویز دی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے علاج اور ویکسین کی تیاری کے لیے سرخ فیتے کی رکاوٹیں ختم کردی ہیں۔خیال رہے کہ کورونا کے علاج کے لیے دنیا بھر میں کئی کمپنیاں اور ادارے اس وقت کورونا وائرس کی 100 سے زائد ویکسینز پر کام کر رہے ہیں جن میں سے پانچ کی انسانوں پر آزمائش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں