ایف بی آر نے جوس کی صنعت کیلئے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی منصوبہ بندی شروع کردی

اسلام آباد(سی این پی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے جوس کی صنعت کیلئے وفاقی ایکسائز ڈیوٹی(ایف ای ڈی)میں 5 فیصد کمی کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے جس کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے بجٹ پر کام کرنے والے عہدیداران بجٹ کیلئے مختلف کمپنیوں کی بجٹ تجاویز پرغور کر رہے ہیں جس کے بعد اگلے مالی سال کا بجٹ آئے گا۔ صنعتی شعبے کی تجویز کے مطابق جوس انڈسٹری ملک کیلئے 45 ارب روپے کا ٹرن اوورلاتی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق فروٹ ڈرنکس میں 8 فیصد فروٹ کے اجزا شامل ہوتے ہیں، نیکٹرز 25 سے 50 فیصد فروٹ کے اجزا پر مشتمل ہوتے ہیں جبکہ خالص پھلوں کے جوس میں 100 فیصد پھلوں کا رس ہی شامل ہوتا ہے۔ملک بھر کی فوڈ اتھارٹیز کے مطابق فروٹ ڈرنکس اور فلیورڈ ملک صحت بخش غذائیں ہیں جن کو اسکولز اور کالجز میں استعمال کیا جانا چاہئے جبکہ جوس کی صنعت کسانوں کے ساتھ مل کر ان کی خوشحالی و ترقی کیلئے بھی کام کر رہی ہے۔جوس انڈسٹری ملک بھر سے آم، سنگترہ، سیب اور امرود سمیت مختلف پھلوں کو بڑی مقدار میں خرید کر ملکی معیشت اور کسانوں کیلئے ترقی و خوشحالی کا باعث بنتی ہے جبکہ گزشتہ برس جوس انڈسٹری نے 1 لاکھ ٹن آم مقامی کسانوں سے خریدے جس سے ہزاروں کسانوں کو فائدہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں