سعودی عرب،شاپنگ مال کی چھت اچانک گرگئی

ریاض (سی این پی) سعودی عرب میں شاپنگ مال کی چھت اچانک گر گئی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، انتظامیہ نے شاپنگ سینٹر کے اندر چھت گرنے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔کہتے ہیں مصیبت کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی آسکتی ہے کچھ ایسا ہی واقعہ سعودی مشرقی صوبے قطیف میں پیش آیا جہاں کورونا کے باعث بند ہونے والا شاپنگ مال دوبارہ کھولا گیا تھا۔تین ماہ کے لاک ڈائون کے بعد سعودی عرب میں زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، اس سلسلے میں دیگر بازاروں کی طرح ایک شاپنگ سینٹر بھی کھولا گیا جس کی چھت دوبارہ کھلنے کے پہلے روز ہی گر گئی لیکن خوش قسمتی سے ملبے کی زد میں کوئی نہیں آیا۔شاپنگ سینٹر کے اندر کی چھت گرنے کی جگہ کو ریسکیو اداروں نے فوری طور پر گھیرے میں لے لیا تھا۔ اس حوالے سے سعودی شہری دفاع نے اپنے ٹویٹر پیغام پر بتایا ہے کہ واقعے کے بعد مرکز کو خالی کرا لیا گیا تھا اور اس دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ شام قطیف کے سٹی مال کی لابی کے اندر چھت کا حصہ جزوی طور پر گرا، حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کے روز پورے سعودی عرب میں کرفیو مکمل طور پر اٹھا لیا گیا تھا جہاں نئے کورونا وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کے تحت تمام کاروباری مراکز نے دوبارہ کام شروع کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں