مصر، اسپتال میں خوفناک آتشزدگی ، کورونا کے 7 مریض دم توڑ گئے

قاہرہ (سی این پی) مصر کے ایک نجی اسپتال میں اچانک آگ بھڑکنے سے کورونا کے 7 مریض دم توڑ گئے، گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں اسپتال کے 7 کارکن اور کئی لوگ جھلس گئے۔تفصیلات کے مطابق مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ کے ایک نجی اسپتال میں خوفناک آتشزدگی میں کورونا وائرس سے متاثرہ سات مریض دم توڑ گئے۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق سکندریہ سیکیورٹی کے ڈائریکٹر میجر جنرل سامی غنیم نے بتایا ہے کہ شہری دفاع کی ٹیموں نے اسپتال میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ اسپتال سکندر کے بشر علاقے کی ایک رہائشی عمارت میں واقع تھا، واقعے کے بعد مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ مرنے والے تمام افراد کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔حادثے میں اسپتال کے انتظامی عملے کے 7 افراد بھی جھلس گئے، مرنے والوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئیں۔ پبلک پراسیکیوشن کو واقعہ کی اطلاع دے کر تحقیقات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔واضح رہے کہ مصر میں کورونا وائرس سے مزید 83افراد کی موت سے اموات کی مجموعی تعداد 2872 ہوگئی ہے۔منگل کے روز مصر کی وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران کورونا وائرس کے 1566 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 66،754 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں