داعش کی مالی معاونت کیلئے اسمگل کی جانے والی غیر قانونی دوا کی کھیپ پکڑی گئی

روم(سی این پی)اٹلی میں پولیس نے اسمگل شدہ ایک ارب یورو مالیت کی قوت بخش ادویات قبضے میں لے لی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ‘کیپٹاگون ‘ نامی قوت بخش دوا کی یہ نقل مبینہ طور پر شام میں تیار کی گئی ہیں تاکہ اس کی فروخت سے داعش کی مالی مدد کی جاسکے۔حکام کے مطابق ایک ارب یورو مالیت کی کیپٹاگون نامی دوا کے فارمولے سے تیار کی گئیں کروڑوں گولیاں سیلرنو کی بندرگاہ میں کنٹینرز سے برآمد ہوئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ان گولیوں کا وزن تقریبا 14 ٹن ہے جو کہ کاغذ کے ڈرمز اور پہیوں کے سامان کے ساتھ چھپائی گئی تھیں۔پولیس کے مطابق اتنی بھاری مقدار میں اسمگل شدہ غیر قانونی دواں کا ایک وقت میں پکڑے جانا ایک عالمی ریکارڈ ہے، اس حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ کہیں ان کا تعلق اٹلی کے مقامی مافیا سے تو نہیں ۔خیال رہے کہ کیپٹاگون نامی دوا میں ایمفیٹامین شامل ہوتا ہے جو کہ تحرک میں کمی اور نیند کی خرابی کے شکار افراد کو دی جاتی ہے۔تاہم لت میں مبتلا کردینے کی خاصیت کی وجہ سے اس دوا پر پابندی ہے اور عام طور پر اس کا استعمال غیر قانونی طور پر کیا جاتا ہے اور حالیہ عرصے میں اسے مشرق وسطی اور افریقا میں جنگجوں کی جانب سے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔جنگجو اس دوا کو خود کو متحرک رکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس کے استعمال سے ان کی لڑنے کی صلاحیت بڑھتی ہے اور وہ زیادہ سفاک بھی ہوجاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں