وزیر اعظم نے صاف الفاظ میں کہا کہ امریکہ کشمیر سے متعلق کردارادا کرے، شاہ محمود قریشی

نیو یارک (سی این پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں ٹرمپ کو کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق امریکا اپنا کردار ادا کرے، ایران سے متعلق کوئی غلط قدم اٹھایا گیا تو بھیانک نتائج ہوں گے۔یہ بات انہوں نے نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی صدرکے ساتھ وزیراعظم عمران خان کی ملاقات ہوئی ہے۔وزیراعظم نے ٹرمپ سے تین ایشوز پر دوٹوک بات کی ہے، انہوں نے کشمیرکی صورتحال پرکھل کرموقف پیش کیا اور کہا کہ 80لاکھ کشمیریوں کو گھروں میں محصورکردیا گیا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کسی کی سنے گا تووہ امریکا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ گفت وشنید کے بغیر کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا، وزیراعظم نے کہا کہ امریکا اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کرائے۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے صاف الفاظ میں اپنا مقف بیان کیا آئیں بائیں شائیں نہیں کی، امریکا کو واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق امریکا اپنا کردار ادا کرے، بھارت کی عالمی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی پوری کوشش ہے،49دن ہوگئے ہیں دن رات کرفیو جاری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے پربھی وزیراعظم اور امریکی صدر کی گفتگو ہوئی ہے، امریکی صدر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ افغانستان مسئلے کا حل صرف مذاکرات ہیں، ہم افغان مسئلے پر جلد پیشرفت دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان مشرقی اور مغربی سرحدوں پر الجھا ہوا ہے۔وزر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایران سے متعلق کہا کہ یہ خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایران سے متعلق اپنا کردار اداکرنے کیلئے تیار ہیں۔اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان ایرانی صدر سے جلد ملاقات کریں گے، امریکی صدر نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس پربات چیت کو آگے بڑھائیں گے، صدرٹرمپ نے کہا کہ آپ بات آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔سعودی حکومت کو بھی کہا ہے کہ ہمیں جذبات سے ہٹ کر صبرسے آگے بڑھنا ہے، نہیں چاہتے کہ ایران کی سرحد پر کوئی مسئلہ ہو، ایران سے متعلق کوئی غلط قدم اٹھایا گیا یا سوچے سمجھے بغیرجنگ ہوئی تو اس کے بھیانک نتائج ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں