15 اگست سے اسکول کھولنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی

اسلام آباد(سی این پی)ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز منصوب صدیقی کا کہنا ہے کہ 15 اگست سے نجی تعلیمی ادارے نہیں کھولنے دیے جائیں گے۔ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات کے بعد تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے، 15 اگست سے نجی تعلیمی ادارے نہیں کھولنے دیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریز کریں، خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ڈی جی پرائیویٹ اسکولز نے مزید کہا کہ اسکولوں کو آگاہ کیا ہے کہ والدین کو کورس اور دیگر اشیا کے لیے پابند نہ کیا جائے، والدین اپنی سہولت کے مطابق جہاں سے چاہیں خریداری کریں۔خیال رہے کہ ملک میں کوروناوائرس کے باعث تعلیمی ادارے کئی ماہ سے بند ہیں تاہم کورونا کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔حکومتی اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت 15 اگست سے ملک بھر کے اسکولز کھولنے کا اعلان کرے، بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں