سرمایہ کاروں کوسازگارماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،حفیظ شیخ

کراچی(سی این پی)مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ ملک میں سرمایہ کاروں کوسازگارماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔تفصیلات کے مطابق آج صبح کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اظہارخیال کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہاکہ کا رکردگی کے لحاظ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی چوتھی بڑی مارکیٹ ہے ، دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت اورسرمایہ کاری کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے اقتصادی اشاریے مثبت ہوئے ہیں اور ہم معیشت کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گے۔ 200ارب کے سکوک بانڈز کا اجراء بڑی پیشرفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کو خودمختاری دینا چاہتے ہیں، بجٹ کوحکومتی اخراجات کم کرنے کے باوجود بڑھایا گیا ہے ۔ حکومت بجلی،گیس، ٹیوب ویل اور کھاد پرسبسڈی دے رہی ہے۔ گیس کے نوے فیصد صارفین کونرخوں میں رعایت فراہم کی جارہی ہے ۔ مشیر خزانہ نے تاجر برادری سے کہا ہے کہ اپنی مصنوعات کےلئے نئی منڈیاں تلاش کریں اور کاروبار کے فروغ کےلئے جدید طریقے بروئے کار لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس 72 گھنٹے کے اندر واپس نہ ہونے کی صورت میں کاروباری برادری ان سے رابطہ کرے ۔ اس سے پہلے مشیر خزانہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے کاروباری دن کا افتتاح کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں