سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کے لئے خصوصی تیاریاں

مکہ المکرمہ(سی این پی) سعودی عرب میں مسجد الحرام انتظامیہ عمرہ زائرین اور نماز کے لیے مسجد الحرام آنے والوں کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔انتظامیہ کے سربراہ اعلی عبدالرحمن السدیس نے مسجد الحرام میں ایڈوانسڈ تھرمل کیمرے نصب کرائے ہیں، یہ کام حرم مکی میں کورونا وائرس سے بچا ئوکے حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا کے پھیلا ئوکو روکنے کے لیے عارضی بندش کے بعد چار اکتوبر سے مرحلہ وار عمرے کو بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو نئے کورونا وائرس سے محفوظ کرنے کے لیے متعدد انتظامات کیے ہیں۔تھرمل کیمرے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ان کیمروں کی خصوصیت یہ ہے کہ کوئی ایسا زائر اس کے سامنے سے گزرے گا جس کا درجہ حرارت حد سے زیادہ ہوگا تو یہ فوراََہی الارم سے مطلع کر دے گا۔موقع پر موجود انتظامیہ کے اہلکار متاثرہ شخص کے حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کریں گے تاکہ کسی بھی زائر کو وائرس نہ لگے۔ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ماسک پروگرام بھی متعارف کرایا ہے۔ اس کی بھی پابندی زائرین سے کرائی جائے گی، السدیس نے کہا کہ یہ اقدامات کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر کیے جا رہے ہیں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے خانہ کعبہ کو سینیٹائز کرنے کے کام میں بھی حصہ لیا، اوزون ٹیکنالوجی کی مدد سے خانہ کعبہ کو سینیٹائز کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں