سعودی،کروناوائرس کے پیش نظر ریسٹوران کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی

ریاض(سی این پی) سعودی عرب میں کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی(طبی مرکز)نے کروناوائرس کے پیش نظر ریسٹوران کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی نے ریسٹوران انتظامیہ اور وزیٹرز کو کرونا سے بچائو کے لیے خصوصی مشورے دیے جس پر عمل کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ریسٹوران انتظامیہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائے گی اور ریسٹورنٹ آنے والے شہریوں(وزیٹرز)کو بھی مشوروں پر عمل کرنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر جرمانے بھی ممکن ہیں۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ریستوران ویٹرز اور وزیٹرز ماسک اور دستانوں کا استعمال کریں، انجان افراد کے ساتھ ایک ہی ٹیبل پر نہ بیٹھیں، سماجی فاصلے کا خیال ضرور رکھیں۔اسی طرح اس امر پر بھی ضرور دیا گیا ہے کہ ریستوران میں موجود عملہ ہاتھ پابندی سے دھوتے اور سینیٹائز کرتے رہیں، ریستوران میں پرنٹ مینو کے بجائے ڈیجیٹل مینو استعمال کیا جائے۔ریستوران میں ایسے برتن استعمال کیے جائیں جو ایک بار استعمال ہونے کے بعد تلف کر دیے جائیں، کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے مشوروں کے مطابق بل کی ادائیگی آن لائن ہوگی، میزوں اور کرسیوں کو پابندی سے سینیٹائز کرنا بھی ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں